معروف بھارتی اداکارہ موشومی چٹرجی کے شوہر اور فلم پروڈیوسر جیانتا مکھرجی انتقال کرگئے
ممبئی: ہندی اور بنگالی فلموں کی معروف اداکارہ موشومی چٹرجی کے شوہر اور سینئر بھارتی فلم پروڈیوسر جیانتا مکھرجی علالت کے باعث انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 70 برس سے زائد تھی۔فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز کے صدر بی این تیواڑی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ جیانتا مکھرجی گزشتہ شام ممبئی کے علاقے کھار میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کرگئے۔ وہ بڑھاپے سے متعلق طبی مسائل کا شکار تھے۔جیانتا مکھرجی معروف بھارتی گلوکار اور موسیقار ہیمنت کمار کے صاحبزادے تھے۔ انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری میں بطور فلم پروڈیوسر خدمات انجام دیں اور اپنے کیریئر کے دوران متعدد فلمیں پروڈیوس کیں۔ان کی نمایاں فلموں میں ’مذاق‘ (1975ء)، ’دو لڑکے دونوں کڑکے‘ (1979ء) اور ’بیوی اور مکان‘ شامل ہیں۔ ان کی ابتدائی دو فلموں میں ان کی اہلیہ اور معروف اداکارہ موشومی چٹرجی نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔فلمی پروڈکشن کے علاوہ جیانتا مکھرجی 1992ء میں نشر ہونے والے ٹیلی ویژن ڈرامے ’تلاش‘ سے بھی وابستہ رہے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارتی فلمی حلقوں میں افسوس اور دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔جیانتا مکھرجی اپنے سوگواروں میں اہلیہ موشومی چٹرجی اور بیٹی میگھا مکھرجی کو چھوڑ گئے ہیں۔ ان کی بڑی بیٹی پائل مکھرجی 2019ء میں 45 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں