دنانیر مبین نے ماسکو میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت لیا، فلم ’میرا لیاری‘ کے لیے بڑا اعزاز
ماسکو: پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین نے اپنی فلم ’میرا لیاری‘ میں شاندار اداکاری پر ماسکو میں منعقدہ ڈائمنڈ بٹر فلائی فلم فیسٹیول میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔دنانیر مبین کو یہ اعزاز فلم ’میرا لیاری‘ میں ان کی اداکاری کے اعتراف میں دیا گیا۔ فلم میں کراچی کے علاقے لیاری کی ثقافت، کھیلوں اور خواتین کو بااختیار بنانے جیسے اہم موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔اداکارہ نے ایوارڈ ملنے پر خوشی اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم ان کے دل کے بہت قریب ہے، کیونکہ اس میں خواتین کی طاقت، حوصلے، ثابت قدمی اور اپنے خواب پورے کرنے کے حق کو نمایاں کیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں دنانیر مبین نے کہا کہ خواتین کی کہانیاں بیان کیا جانا انتہائی ضروری ہے، خصوصاً ایسی خواتین کی کہانیاں جو روایتی توقعات کو چیلنج کرتی ہیں، مشکلات اور رکاوٹوں کو عبور کرتی ہیں اور اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ان شعبوں میں اپنی جگہ بناتی ہیں جہاں انہیں آگے بڑھنے کے مواقع کم ملتے ہیں۔اداکارہ کے مطابق ’میرا لیاری‘ صرف ایک فلم نہیں بلکہ خواتین کی جدوجہد، حوصلے اور اپنے خوابوں کی تکمیل کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ فلم کے ذریعے لیاری کے مثبت پہلوؤں، ثقافتی رنگوں اور خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔دنانیر مبین کی اس کامیابی کو پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ان کے مداحوں کی جانب سے بھی انہیں مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی جا رہی ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں