امریکا میں فضائی آپریشن بحال، ہزاروں پروازیں متاثر، 6 ہزار سے زائد منسوخ

واشنگٹن: امریکا میں فضائی مواصلاتی نظام میں سنگین تکنیکی خرابی کے باعث پیدا ہونے والے غیر معمولی بحران میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے ملک بھر میں پروازوں کی روانگی پر عائد پابندی ختم کر دی ہے، جس کے بعد فضائی آپریشن بتدریج بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں۔تازہ اطلاعات کے مطابق تکنیکی خرابی کے باعث 14 ہزار 500 سے زائد پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا، جبکہ 6 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس بحران کے پیچھے کسی سائبر حملے کا فی الحال کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا، تاہم تکنیکی خرابی کی تحقیقات جاری ہیں۔امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے خبردار کیا ہے کہ فضائی نظام کو مکمل طور پر معمول پر لانے میں وقت لگ سکتا ہے، جبکہ مختلف ہوائی اڈوں پر ہزاروں مسافر بدستور مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے پرانے فضائی ٹریفک کنٹرول نظام کو اس بحران کی اہم وجوہات میں سے ایک قرار دیا ہے۔13 ہزار سے زائد پروازیں اور 22 ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز متاثراس سے قبل امریکی فضائی نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں 13 ہزار سے زائد پروازیں اور 22 ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز متاثر ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔امریکی ایوی ایشن حکام کے مطابق ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر پروازوں کی روانگی روک دی گئی تھی، جبکہ ریڈار، ایئر ٹریفک کنٹرول اور ریڈیو فریکوئنسیز میں مسائل سامنے آئے تھے۔ امریکا آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا بھی الگ الگ جائزہ لیا جا رہا تھا، تاہم اس وقت فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے گراؤنڈ اسٹاپ ختم ہونے کا کوئی وقت نہیں بتایا تھا۔دو بڑے امریکی ہوائی اڈوں پر طیاروں کی لینڈنگ کی گنجائش تقریباً ختمفضائی آپریشن متاثر ہونے کے باعث امریکا کے دو بڑے ہوائی اڈوں پر مزید طیارے اتارنے کی گنجائش تقریباً ختم ہوگئی تھی۔رونالڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ پر مزید طیاروں کی لینڈنگ کی گنجائش ختم ہوچکی تھی، جبکہ شکاگو کے اوہیر ایئرپورٹ پر بھی گنجائش ختم ہونے کے قریب پہنچ گئی تھی۔ اس صورتحال کے باعث ان ہوائی اڈوں پر آنے والی پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس پر اتارنے کی ضرورت پیش آسکتی تھی۔مسافروں کے مطابق ایئرپورٹس پر لینڈ کرنے والی بعض پروازیں ٹارمک پر کھڑی تھیں اور مسافروں کو طیاروں سے اتر کر ٹرمینل کے دروازوں تک جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔حکام نے سائبر حملے کے امکان پر کیا کہا؟ہوم لینڈ سکیورٹی چیف مارک وین مولن نے کہا تھا کہ تمام پروازوں کا ریکارڈ موجود ہے اور ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز میں مواصلاتی خرابی کے باعث پروازیں روکی گئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت یا سائبر حملے کے امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جاسکتا، تاہم یہ نائن الیون جیسا واقعہ نہیں اور گراؤنڈ اسٹاپ کسی سکیورٹی خطرے کے باعث نہیں لگایا گیا تھا۔انہوں نے بتایا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ پروازوں کے بحران کی وجہ سائبر حملہ یا مصنوعی ذہانت نہیں لگتی۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے بھی واضح کیا تھا کہ فضائی نظام میں پیدا ہونے والی خرابی کا اس کی سروسز سے کوئی تعلق نہیں۔ایف اے اے اور ایف بی آئی کی تحقیقات جاریایف اے اے کے تکنیکی ماہرین فضائی نظام میں خرابی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ ایف بی آئی نے بھی اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔یوروکنٹرول کے مطابق امریکی فضائی نظام میں خرابی کے باعث یورپ سے امریکا جانے والی پروازیں بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھیں۔ادھر امریکی محکمہ موسمیات کو بھی ملک گیر انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام میں خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث اس کی ویب سائٹس پر موسمی معلومات تک رسائی متاثر ہوئی۔ محکمے کے مطابق تکنیکی ماہرین خرابی دور کرنے میں مصروف تھے، جبکہ شدید متاثر ہونے والا نظام بحال ہونا شروع ہوگیا تھا۔فضائی روانگیوں پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد اگرچہ آپریشن کی بحالی شروع ہوگئی ہے، تاہم حکام کے مطابق پروازوں کے شیڈول اور فضائی نظام کو مکمل طور پر معمول پر آنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے