13 نومبر کو دنیا ختم ہو جائے گی؟ 66 سال پرانی پیشگوئی پھر زیرِ بحث
دنیا کے خاتمے سے متعلق 66 سال پرانی ایک حیران کن سائنسی پیشگوئی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 13 نومبر 2026 کو دنیا کی آبادی اس حد تک بڑھ جائے گی کہ انسان ایک دوسرے کے دباؤ سے ہلاک ہونے لگیں گے۔1960 میں امریکی یونیورسٹی آف الینوائے کے سائنسدان ہائنز وان فوسٹر نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ یہ پیشگوئی کی تھی۔ یہ تحقیق معروف سائنسی جریدے سائنس میں شائع ہوئی تھی، جس میں آبادی میں تیزی سے اضافے کے ریاضیاتی ماڈل کی بنیاد پر مستقبل کی صورتحال کا اندازہ لگایا گیا تھا۔تاہم ماہرین کے مطابق یہ پیشگوئی حقیقت پسندانہ ثابت نہیں ہوئی، کیونکہ دنیا کے متعدد ممالک میں شرحِ پیدائش مسلسل کم ہوئی ہے اور آبادی میں اضافے کی رفتار بھی مختلف خطوں میں یکساں نہیں رہی۔دلچسپ امر یہ ہے کہ آج کئی ممالک کو بڑھتی ہوئی آبادی کے بجائے کم شرحِ پیدائش اور معمر افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی پیشگوئیاں مخصوص ریاضیاتی ماڈلز اور مفروضوں پر مبنی ہوتی ہیں، اس لیے انہیں حتمی حقیقت نہیں سمجھنا چاہیے۔ آبادی میں اضافے کے رجحانات وقت کے ساتھ تبدیل ہوتے رہتے ہیں اور مستقبل کے بارے میں کسی بھی اندازے کو اسی تناظر میں دیکھنا ضروری ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں