امریکا نے پیوٹن سے ایران جنگ میں ثالثی کی درخواست کی، باقر قالیباف کا دعویٰ

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکام نے ماسکو کے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کی صورتحال پہلے جیسی نہیں رہے گی۔قطری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے باقر قالیباف نے بتایا کہ ایران نے آٹھ ماہ سے جاری تنازع ختم کرنے کے لیے قطر کے ذریعے امریکا کو سات نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے اور اب تہران واشنگٹن کے جواب کا منتظر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب فیصلہ امریکا کے ہاتھ میں ہے۔ایرانی اسپیکر کے مطابق مجوزہ امن منصوبے میں امریکی بحری ناکا بندی اور اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ، ایران کے منجمد اثاثوں کی واپسی، تمام محاذوں پر جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان شامل ہے۔باقر قالیباف نے کہا کہ اگر امریکا طے شدہ نکات کی پابندی کرے اور ایسے مطالبات سے گریز کرے جن سے بداعتمادی میں اضافہ ہو تو معاہدہ ممکن ہے، تاہم ایران کو اب بھی امریکی حکومت پر اعتماد نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز جنگ سے پہلے والی صورتحال میں واپس نہیں آئے گی۔ ان کے بقول ایران اور عمان اس اہم بحری راستے کی نگرانی کے حوالے سے نئی مفاہمت پر پہنچ چکے ہیں۔ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کی تو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔یمن کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ کسی بیرونی فریق کو یمن کے تنازع میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سعودی عرب اور یمن کی حکومت دونوں ایران سے مدد طلب کریں تو تہران تنازع کے حل کے لیے معاونت کرنے کو تیار ہے۔قالیباف کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم ایرانی امن منصوبے اور ایران و عمان کے درمیان نئی مفاہمت کی تفصیلات کی آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے