مسٹر فیصو کا مدینہ منورہ میں نکاح، شادی کی تصاویر وائرل

بھارتی سوشل میڈیا اسٹار اور ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹر فیصل شیخ، جو ’مسٹر فیصو‘ کے نام سے مشہور ہیں، نے مدینہ منورہ میں نکاح کرکے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیا۔ ان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آتے ہی مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔مسٹر فیصو نے ہفتے کے روز انسٹاگرام پر اپنے نکاح کی تصاویر شیئر کرکے مداحوں کو خوش خبری سنائی۔ تصاویر کے ساتھ انہوں نے قرآن مجید کی سورۃ النبأ کی آیت نمبر 8 کا حوالہ بھی دیا، جس کا مفہوم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو جوڑوں کی صورت میں پیدا کیا ہے۔اپنی پوسٹ میں فیصل شیخ نے کہا کہ مدینہ منورہ جیسے بابرکت شہر میں پورے خاندان کی موجودگی میں نکاح ہونا ان کے لیے خواب پورا ہونے جیسا ہے۔ انہوں نے اس موقع کو ایسی نعمت قرار دیا جس کے احساسات کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔سوشل میڈیا اسٹار نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کی زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ ان کے ازدواجی رشتے میں محبت، خوشی اور برکت عطا ہو۔ نکاح کی تصاویر میں ان کے انداز کو بھی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے توجہ حاصل ہو رہی ہے۔شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارک باد اور نیک تمناؤں کے پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اداکارہ عائشہ خان اور رئیلٹی شو کی فاتح شریا کالرا سمیت کئی معروف شخصیات نے بھی انہیں مبارک باد دی۔فیصل شیخ نے ٹک ٹاک ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کی تھی۔ کورونا وبا کے دوران لاک ڈاؤن کے عرصے میں ان کے فالوورز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا، جس کے بعد وہ بھارت کے نمایاں ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹرز میں شمار ہونے لگے۔ انسٹاگرام پر بھی ان کے کروڑوں فالوورز ہیں۔سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے کے بعد فیصل شیخ نے ٹیلی ویژن کے معروف رئیلٹی شوز میں بھی شرکت کی۔ ان کے نمایاں پروگراموں میں ’خطروں کے کھلاڑی‘ اور ’جھلک دکھلا جا 10‘ شامل ہیں، جبکہ وہ رئیلٹی شو ’دی 50‘ کے فاتح بھی رہ چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے