سعودی سول تنصیبات پر حملے علاقائی امن کیلیے خطرہ:پاکستان
اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں ڈرون حملوں کے ذریعے ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بنیادی شہری ڈھانچے کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اقدام ہے۔ حملوں کے نتیجے میں پائپ لائن کو نقصان پہنچا جبکہ بعض شہری بھی زخمی ہوئے۔پاکستان نے کہا ہے کہ اس نوعیت کے حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور سعودی عرب کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے منافی ہیں۔ سعودی عرب میں سول تنصیبات پر حملے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔ترجمان کے مطابق پاکستان صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے اقدامات کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا اور سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔پاکستان نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں پہلے بھی جاری رکھی گئی ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں