ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں کبھی نہ ٹوٹنے والا ناقابلِ یقین ریکارڈ قائم کردیا
بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔ وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں نمبر تین کی پوزیشن پر 13 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے سیریز کے افتتاحی مقابلے میں ویرات کوہلی کو اس سنگ میل تک پہنچنے کے لیے صرف 12 رنز درکار تھے، جو انہوں نے اپنی اننگز کی 13ویں گیند پر حاصل کرلیے۔37 سالہ بھارتی بیٹر نے یہ کارنامہ محض 251 اننگز میں انجام دیا۔ ون ڈے کرکٹ میں نمبر تین پر بیٹنگ کرتے ہوئے ان کی اوسط 61.55 ہے، جبکہ اس پوزیشن پر وہ 48 سنچریاں اور تقریباً 70 نصف سنچریاں بھی اسکور کرچکے ہیں۔اس فہرست میں سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ 12 ہزار 662 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا 9 ہزار 747 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔جنوبی افریقا کے سابق آل راؤنڈر جیک کیلس 7 ہزار 774 رنز کے ساتھ چوتھے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 6 ہزار 504 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔رپورٹ کے مطابق کوہلی کے قریب موجود ٹاپ چار کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں، جبکہ موجودہ کرکٹرز اس ریکارڈ سے کافی پیچھے ہیں۔ پاکستان کے بابر اعظم 6 ہزار 54 اور انگلینڈ کے جو روٹ 5 ہزار 525 رنز کے ساتھ اس فہرست میں کوہلی سے تقریباً 7 ہزار رنز کے فاصلے پر ہیں۔ویرات کوہلی کی 2026 میں بھی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے قبل وہ 9 اننگز میں 552 رنز بنا چکے تھے، جن میں دو سنچریاں اور تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں