خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے دوران وزیراعلیٰ کے اختیارات گورنر کو منتقل

وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں انتظامی امور کی انجام دہی اور گورننس کی بہتری کے لیے ایمرجنسی کے دوران وزیراعلیٰ کو تفویض کیے گئے اختیارات گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں ایمرجنسی کی مدت کے دوران روزمرہ انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے وزیراعلیٰ کو تفویض شدہ اختیارات گورنر خیبرپختونخوا استعمال کریں گے۔بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا ان اختیارات کے استعمال سے متعلق ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔ وفاقی کابینہ نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ گورنر کی قیادت میں خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل صوبے کے عوام کی بہتری، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کرے گی۔اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کردی۔ پاکستان اور کویت کے مابین یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ کویتی حکومت پہلے ہی 19 جولائی کو اس معاہدے کی توثیق کرچکی ہے۔وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی۔ اجلاس کو نئے نوٹوں کے ڈیزائن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ اس مقصد کے لیے ملک بھر کے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز طلب کی گئی تھیں، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں میں جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی فیچرز کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور جدید میٹریل استعمال کیا جائے گا، جس سے نوٹوں کی پائیداری اور استعمال کی مدت میں بھی اضافہ ہوگا۔کابینہ نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی منظوری بھی دے دی۔اجلاس میں وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں (CCOSOEs) کے 26 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔اس کے علاوہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی (CCLC) کے 22 جنوری، 26 فروری، 5، 18 اور 27 اگست، جبکہ 11 اور 22 ستمبر کو ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی گئی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے