عمران خان سے ملاقات، اسپتال منتقلی کی شرط سے پیچھے نہ ہٹیں: سہیل آفریدی
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سے رابطے کے دوران کہا ہے کہ حکومت سے مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور انہیں اسپتال منتقل کرنے کی شرط سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے حکومت سے مذاکرات کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے رابطہ کرکے انہیں مذاکرات کے حوالے سے آگاہ کیا، جس پر سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ عمران خان سے ملاقات اور ان کی اسپتال منتقلی کا مطالبہ مذاکرات کا اہم حصہ ہے اور اس پر مؤقف برقرار رکھا جائے۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں پشاور میں پارٹی سیکریٹریٹ بھی پہنچے، جہاں لانگ مارچ کے لیے چندہ مہم جاری ہے۔ وزیراعلیٰ کی موجودگی میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے چندہ دینے کا سلسلہ جاری رہا اور کارکنوں نے ان کے سامنے رکھے گئے بکس میں عطیات جمع کرائے۔سہیل آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے انہیں ابھی مکمل تفصیلات موصول نہیں ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر رات کو پشاور پہنچ رہے ہیں اور اسی موقع پر مذاکرات کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کریں گے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کی قیادت حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے مشاورت کے لیے آج پشاور میں اجلاس کرے گی۔ بیرسٹر گوہر سمیت پارٹی کے دیگر رہنما اسلام آباد سے پشاور روانہ ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات، آئندہ کی حکمت عملی اور عمران خان سے ملاقات سمیت دیگر مطالبات پر مشاورت کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں