خطے میں امن کے لیے تمام محاذوں پر جنگ ختم کرنا ہوگی، ایران

تہران: ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ ضروری ہے، کیونکہ کسی ایک محاذ پر بھی لڑائی جاری رہنے کا مطلب ہے کہ پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق لبنان کے ٹی وی نیٹ ورک المیادین کو انٹرویو دیتے ہوئے سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ایران لبنان پر اسرائیلی حملے رکوانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق یہ مقصد ایران اور امریکا کے درمیان جون میں طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں بھی شامل کیا گیا تھا۔ایرانی نائب وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران اور لبنان پر حملے کرکے اسلام آباد مفاہمت کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا کہ وہ اپنے وعدوں کی پاسداری کرے گا۔سعید خطیب زادہ نے ایران کے خلاف امریکی جنگ کو بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایران نے آبنائے ہرمز کو سات روز کے اندر دوبارہ کھولنے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔ایرانی نائب وزیر خارجہ کے بیان میں خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے، لبنان پر اسرائیلی حملوں کی بندش اور ایران کی خودمختاری کے تحفظ پر زور دیا گیا۔ ان کے مطابق خطے میں حقیقی امن کے لیے ضروری ہے کہ لڑائی کسی ایک محاذ تک محدود رکھنے کے بجائے تمام محاذوں پر ختم کی جائے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے