ریلز کی لت سے نجات کا نیا ٹرینڈ ’برین اسٹیکنگ‘ مقبول
کیا آپ بھی صرف چند منٹ کے لیے موبائل اٹھاتے ہیں، لیکن دیکھتے ہی دیکھتے گھنٹوں ریلز اسکرول کرنے میں گزار دیتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والا ایک نیا ٹرینڈ آپ کے لیے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔سوشل میڈیا پر ان دنوں ’برین اسٹیکنگ‘ نامی ٹرینڈ تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، جس کا مقصد موبائل اسکرین سے دور رہ کر دماغ کو مفید اور دلچسپ سرگرمیوں میں مصروف رکھنا ہے۔برین اسٹیکنگ کیا ہے؟اس طریقے میں کتابیں، ڈائری، سوڈوکو، کراس ورڈ پزلز اور ڈرائنگ کا سامان ایک ہی جگہ جمع کرکے رکھا جاتا ہے۔ جب بھی موبائل پر ریلز دیکھنے کا دل کرے تو فون اٹھانے کے بجائے ان میں سے کوئی سرگرمی شروع کردی جاتی ہے۔سوشل میڈیا صارفین اپنی روزمرہ زندگی میں ان سرگرمیوں کو شامل کرنے کی ویڈیوز بھی شیئر کر رہے ہیں، جن کا مقصد غیر ضروری اسکرولنگ کی عادت کو کم کرنا ہے۔دماغ کے لیے کیا فوائد ہیں؟ماہرین کے مطابق کتابیں پڑھنے، پہیلیاں حل کرنے اور لکھنے جیسی سرگرمیاں توجہ، یادداشت اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں کو متحرک رکھنے میں مدد دے سکتی ہیں۔خاص طور پر سوڈوکو جیسی ذہنی مشقیں توجہ مرکوز کرنے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت استعمال کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔یہ طریقہ کیسے اپنائیں؟برین اسٹیکنگ شروع کرنے کے لیے کسی مہنگے سامان کی ضرورت نہیں۔ گھر میں موجود کتاب، نوٹ بک یا اخبار میں چھپی پہیلیوں سے بھی آغاز کیا جا سکتا ہے۔روزانہ چائے پینے کے بعد یا سونے سے پہلے صرف 10 منٹ ان سرگرمیوں کے لیے مختص کریں اور ان کا سامان ایسی جگہ رکھیں جہاں موبائل کی طرح باآسانی دستیاب ہو۔اگرچہ برین اسٹیکنگ موبائل کی عادت ختم کرنے کا کوئی یقینی حل نہیں، تاہم یہ غیر ضروری اسکرولنگ کم کرنے اور پرانے مشاغل دوبارہ اپنانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں