سعودی پاکستان مشترکہ سرمایہ کاری فنڈ قائم کرنے کی مفاہمت

کراچی: سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل نے سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے ہیں۔ مجوزہ فنڈ کے تحت سیکڑوں ملین مالیت کی مشترکہ سرمایہ کاری کی جائے گی، جس کا مقصد دونوں ممالک میں کاروباری مواقع کو فروغ دینا اور نجی شعبے کے درمیان تعاون مضبوط بنانا ہے۔کراچی میں پیر کے روز منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات دوستی اور برادرانہ رشتوں پر استوار ہیں، جن کی بنیاد کسی بھی معاہدے سے زیادہ مضبوط ہے۔ ان کے مطابق نیا فنڈ ان دیرینہ تعلقات کو مضبوط تجارتی بنیاد فراہم کرے گا۔شہزادہ منصور کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کا فطری شراکت دار ہے اور سعودی سرمایہ کار ایسی منڈیوں اور شراکت داروں کی تلاش میں ہیں جہاں وہ اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری اور ترقی کرسکیں۔ پاکستان کا جائزہ لینے کے بعد انہیں ملکی معیشت میں استحکام اور سرمایہ کاری کے حقیقی مواقع دکھائی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں مشترکہ سرمایہ کاری کے ذریعے برسوں کے غور و فکر اور جائزے کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جس سے دونوں ملکوں کے عوام مستفید ہوں گے اور دیرپا تجارتی شراکت داری کی بنیاد پڑے گی۔عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے فنڈ کے قیام کو پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع پر اعتماد کا اظہار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل عرصے سے پاکستان کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثرات نے ملکی معیشت کی اصل صورتحال کو دھندلائے رکھا، تاہم یہ معاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ سنجیدہ سرمایہ کار اب دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار ملکی معیشت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سرمایہ کاری میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور سعودی سرمایہ کار بھی ان کے ساتھ مل کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق حکومتی لینڈ بینک کی منیٹائزیشن کے ذریعے غیر فعال سرکاری اثاثوں کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔عارف حبیب نے شہزادہ منصور اور دونوں ممالک کے متعلقہ نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس فنڈ کو عملی شکل دینے کے لیے دونوں جانب سے وقت، محنت اور تعاون فراہم کیا گیا۔ انہوں نے اسے پاکستان پر سعودی اور دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کی جانب پہلا قدم قرار دیا۔فنڈ میں 75 فیصد سرمایہ کاری پاکستان میں ہوگیمفاہمتی یادداشت کے تحت مجوزہ مشترکہ فنڈ میں سعودی اور پاکستانی نجی سرمایہ کار مساوی حصہ ڈالیں گے۔ فنڈ کی مجموعی سرمایہ کاری میں سے 75 فیصد پاکستان جبکہ 25 فیصد سعودی عرب کے منصوبوں میں لگایا جائے گا۔ مستقبل میں دستیاب مواقع کی بنیاد پر فنڈ کا حجم بھی بڑھایا جا سکے گا۔فنڈ کا مقصد تیزی سے ترقی کرنے والے نجی کاروباری اداروں میں سرمایہ کاری کرنا ہے، جن میں زراعت، کان کنی، تعمیرات اور دیگر صنعتی شعبے شامل ہیں۔اس کے علاوہ حکومت پاکستان کے لینڈ بینک کو منیٹائز کرنے کے پروگرام کے تحت سامنے آنے والے تجارتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ان منصوبوں میں ہوائی اڈوں، موٹرویز، بندرگاہوں اور بحری شعبے کی ترقی شامل ہے۔مجوزہ سرمایہ کاری کے ذریعے کم استعمال ہونے والی سرکاری اراضی کی معاشی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے اور اسے شفاف تجارتی بنیادوں پر پیداواری اثاثوں میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔فنڈ سعودی عرب میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے گا، جن میں مقدس شہر بھی شامل ہوں گے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کو فنڈ مینجمنٹ کمپنی کی ایکویٹی میں شراکت کی دعوت دینے کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔تقریب میں دونوں ممالک سے جوائنٹ بزنس کونسل کے اراکین نے شرکت کی، جبکہ پاکستان کی جانب سے کونسل کے شریک چیئرمین اور فاطمہ گروپ کے چیئرمین فواد مختار نے ورچوئل شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے