اینکر ربیعہ قتل کیس واپس لینے کا فیصلہ نہیں کیا، بھائی

راولپنڈی میں شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی نجی نیوز چینل کی سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن کے بھائی خرم نے کہا ہے کہ اہلِ خانہ نے قتل کا مقدمہ واپس لینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہن کا قتل ہوا ہے اور ہم اسے ناحق قتل کیے جانے کی صورت میں کیسے معاف کر سکتے ہیں؟جائے وقوع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم نے بتایا کہ ان کی بہن کی دو بیٹیاں ہیں اور واقعے کے بعد سے اب تک ان کی والدہ سے ملاقات نہیں ہو سکی کیونکہ وہ شدید صدمے کی حالت میں ہیں۔ ان کے مطابق واقعے کے وقت وہ راستے میں تھے جب انہیں گھر سے فون کرکے بہن کے قتل کی اطلاع دی گئی۔خرم کا کہنا تھا کہ ان کی بہن اور بہنوئی ہنسی خوشی زندگی گزار رہے تھے۔ انہیں ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ واقعے کے وقت اصل میں کیا ہوا، اس لیے پولیس کو چاہیے کہ وہ اہلِ خانہ کو تمام حقائق سے آگاہ کرے اور بتائے کہ ان کے بہنوئی کے ساتھ کیا معاملہ پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کی بہن کو ناحق قتل کیا گیا ہے تو مقدمے کو آگے بڑھنا چاہیے۔ یہ فیصلہ پولیس کی تحقیقات اور حقائق سامنے آنے کے بعد ہونا چاہیے۔ربیعہ کے بھائی کے مطابق گھر کے ملازم نے پولیس کو بتایا تھا کہ بیڈ روم میں گولی چلنے کی آواز آئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس پہلے ملازم کو اپنے ساتھ لے گئی تھی، تاہم بعد میں اسے واپس چھوڑ دیا گیا۔خرم نے مزید کہا کہ اہلِ خانہ کو ابھی تک واقعے کی مکمل تفصیلات معلوم نہیں اور ان کے لیے یہ حقیقت تسلیم کرنا بھی مشکل ہے کہ ان کی بہن اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے