سعودی عرب کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، پاکستان شانہ بشانہ کھڑا ہے: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے برادر ملک کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔سعودی عرب کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی سفیر کا خیرمقدم کیا اور انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے موجودہ ادارہ جاتی طریقہ کار کو مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔شہباز شریف نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کی، جن کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور پاکستانی شہریوں سمیت متعدد بے گناہ افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ مشکل حالات میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اقدامات علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان، مملکت سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ کھڑا رہے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو طویل مدتی اقتصادی اور مالی معاونت فراہم کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے سعودی سفیر کے لیے نئی ذمہ داریوں میں کامیابی کی دعا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مکمل حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں