پٹرول پمپ ملازم تشدد کیس، ملزم سعادت انیس رہا کرنے کا حکم

لاہور: ضلع کچہری لاہور نے پٹرول پمپ کے ملازم پر تشدد کے مقدمے میں فریقین کے درمیان صلح ہونے پر گرفتار ملزم سعادت انیس کو مقدمے سے ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ محمد علی امجد نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، جس کے مطابق مقدمے کے مدعی نے ملزم کے ساتھ راضی نامہ کر لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی نہ کرنے کا بیان دیا ہے۔مدعی نے عدالت میں اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پر پیش آیا، فریقین کے درمیان صلح ہو چکی ہے اور وہ مقدمے کی مزید پیروی نہیں کرنا چاہتا۔عدالتی فیصلے کے مطابق پولیس نے ملزم سے تفتیش کے لیے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تاہم فریقین کے درمیان راضی نامہ ہونے کے باعث عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی۔عدالت نے ملزم سعادت انیس کو مقدمے سے ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ واضح رہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ چوہنگ پولیس نے پٹرول پمپ کے ملازم پر تشدد کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے