تحریک انصاف پنجاب کے صدر حماد اظہر پارٹی عہدے سے مستعفیٰ
تحریک انصاف پنجاب کے صدر حماد اظہر اور لاہور کے صدر چوہدری اصغر عہدوں سے مستعفی ہو گئے ۔
حماد اظہر نے کہا کہ بدقسمتی سے اُن کی بانی پی ٹی آئی عمران خان تک رسائی نہیں ، میں نے پریس کانفرنس نہیں کی اور نہ ہی کوئی ڈیل کی، میری نقل و حرکت پر بہت سختی ہے اس لئے میں اڈیالہ نہیں جاسکتا۔پنجاب کی تنظیم میں بہت سارے ایسے فیصلے ہوئے جن پر نہ تو اُن کی رائے شامل تھی اور نہ ہی رضامندی، اکثر فیصلے ایسے بھی تھے جن پر میرٹ کے بجائے لابنگ اور بانی پی ٹی آئی تک محدود رسائی اور یکطرفہ معلومات پہنچائی گئیں، کافی عرصے سے لابنگ جاری تھی کی لاہور کے صدر چوہدری اصغرکو بدلا جائے، آج وہ کامیاب ہوگئے اور خان صاحب کو غلط حقائق دے کر ہدایت حاصل کرلی۔

حماد اظہر نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت بھی مجھ سےمتفق ہےکہ ایسےفیصلے صرف اور صرف خان صاحب تک محدود رسائی کا نتیجہ ہیں،کچھ ریجنز میں ہمارے رہنما بہت پریشان ہیں لیکن خان صاحب تک اطلاع نہیں، ایسی صورت میں مفاد پرست رابطے کے فقدان کا فائدہ اٹھاتے ہیں، بڑی تنظیمی ذمہ داری صرف ان لوگوں کے پاس ہونی چاہیے جن کی پارٹی لیڈر تک رسائی ہو، میں بانی پی ٹی آئی کا ایک کارکن تھا اور رہوں گا۔
دوسری جانب تحریک انصاف لاہور کے صدر چوہدری اصغر گجر نے بھی پارٹی صدارت چھوڑ دی۔ ان کے ساتھ پی ٹی آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری حافظ ذیشان رشید بھی مستعفی ہوگئے۔چوہدری اصغر گجرنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے جدوجہد میں ساتھ دینے پرکارکنوں کا مشکور ہوں، امید ہےکہ آنے والا صدر مجھ سے بھی بہتر جدوجہد کرے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں