مکہ دفاعی معاہدے میں کوئی خفیہ شق نہیں، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کے تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں اور معاہدے میں کوئی خفیہ شق شامل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی فالس فلیگ آپریشن سمیت کسی بھی ممکنہ خطرے کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے مکہ دفاعی معاہدے سے متعلق قیاس آرائیوں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ معاہدے کا مسودہ منظر عام پر آ چکا ہے اور یہی حتمی دستاویز ہے۔ ان کے مطابق معاہدے میں کسی قسم کے خفیہ نکات شامل نہیں ہیں۔سجاد حیدر خان نے بتایا کہ ہر ملک میں معاہدوں کی توثیق کے لیے الگ طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے۔ اسی طریقہ کار کے تحت ترکیہ کی پارلیمنٹ میں بھی معاہدے کی توثیق کا عمل جاری ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ دفاعی معاہدے کی شقیں کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کے لیے ہیں۔بھارتی فالس فلیگ آپریشن کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں، ترجمانبھارتی جارحیت سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے الزام عائد کیا کہ فالس فلیگ آپریشن کرنا بھارت کی پرانی روایت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ممکنہ بھارتی فالس فلیگ آپریشن کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔سجاد حیدر خان نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تحفظ اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں