فٹنس ٹیسٹ رپورٹس جمع نہ کرانے پر امام الحق اور رضوان ڈومیسٹک کرکٹ سے باہر

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی امام الحق اور محمد رضوان کو فٹنس ٹیسٹ رپورٹس جمع نہ کرانے پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے نااہل قرار دے دیا گیا۔ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز فٹنس ٹیسٹ نہ دینے کے باعث پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں اپنی اپنی ٹیموں کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے قواعد کے تحت فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے لیے کھلاڑیوں کی فٹنس ٹیسٹ رپورٹس جمع کرانا لازمی ہے، تاہم امام الحق اور محمد رضوان کے متعلقہ محکموں کی جانب سے فٹنس ٹیسٹ رپورٹس پی سی بی کو موصول نہیں ہوئیں۔پریزیڈنٹ ٹرافی کا آغاز کل سے راولپنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد اور پشاور میں ہو رہا ہے۔ امام الحق کو او جی ڈی سی ایل کی جانب سے پی ٹی وی کے خلاف میچ میں ٹیم کی قیادت کرنا تھی، جبکہ شان مسعود کی عدم موجودگی میں محمد رضوان نے پہلے راؤنڈ میں سوئی گیس کی کپتانی سنبھالنی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک جانب دونوں کرکٹرز کے خلاف انکوائری جاری ہے، تو دوسری جانب ڈومیسٹک کرکٹ سے باہر ہونے کے بعد ان کے مستقبل کے حوالے سے بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔پی سی بی نے تمام کرکٹرز کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں کم از کم پانچ، پانچ میچز کھیلنا لازمی قرار دے رکھا ہے۔ ایسے میں امام الحق اور محمد رضوان کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ برقرار رکھنا بھی مشکل دکھائی دے رہا ہے

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے