بنوں، احمد زئی سب ڈویژن سے سات پولیس اہلکار اغواء، روچہ چیک پوسٹ پر مسلح گروہ کا قبضہ
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے احمد زئی سب ڈویژن کے روچہ چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے سات پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا۔ اغواکاروں نے پہلے چیک پوسٹ پر قبضہ کیا اور پھر اہلکاروں کو اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گئے۔ اس کے ساتھ ہی وہ تمام اسلحہ اور سامان بھی لے گئے جو چیک پوسٹ پر موجود تھا۔
پولیس کے مطابق، مغوی اہلکاروں میں سلیم، عقل رحمان، میوہ جان، روشان، عبدالمالک، نعمت اللہ اور شاد محمد شامل ہیں۔ شام کے وقت مسلح گروہ نے سب ڈویژن وزیر کے پہاڑی علاقے روچہ چیک پوسٹ کو گھیر لیا، اور اس دوران پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا۔ اس کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ اغواکاروں کا سراغ لگایا جا سکے اور مغوی اہلکاروں کو بازیاب کیا جا سکے۔
اس واقعے نے علاقے میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے اور پولیس حکام اس وقت مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے بھرپور کارروائی کر رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں