یاسین بونو سے تعلقات؟ نورا فتحی نے خاموشی توڑ دی

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ، ڈانسر اور ماڈل نورا فتحی نے مراکش کے اسٹار فٹبالر یاسین بونو کے ساتھ اپنے تعلقات سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر پہلی بار کھل کر بات کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دونوں کے درمیان صرف دوستی کا رشتہ ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انٹرویو میں نورا فتحی نے یاسین بونو کے ساتھ اپنے تعلق سے متعلق جاری قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے قریبی دوست ہیں اور ان کی شخصیت کو بے حد سراہتی ہیں۔نورا فتحی کا کہنا تھا کہ یاسین بونو دنیا کے بہترین گول کیپرز میں شمار ہوتے ہیں اور انہیں ان کی کامیابیوں پر ہمیشہ فخر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر موقع پر اپنے دوست کی کامیابیوں کا جشن مناتی ہیں۔اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ یاسین بونو کو کافی عرصے سے جانتی ہیں، تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران دونوں کے درمیان رابطے میں اضافہ ہوا۔ ان کے مطابق یاسین نہایت شائستہ، عاجز اور نرم مزاج انسان ہیں، جن کی تمام تر توجہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، سخت محنت اور تربیت پر مرکوز رہتی ہے۔نورا فتحی نے یہ بھی کہا کہ یاسین بونو سوشل میڈیا کی چمک دمک سے زیادہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے پر یقین رکھتے ہیں اور یہی خوبی انہیں دوسروں سے ممتاز بناتی ہے۔واضح رہے کہ یاسین بونو اس وقت سعودی پرو لیگ کے کلب الہلال اور مراکش کی قومی فٹبال ٹیم کے لیے بطور گول کیپر کھیل رہے ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصے سے دونوں شخصیات کی دوستی کو لے کر سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں گردش کر رہی تھیں، جن پر اب نورا فتحی نے خود وضاحت پیش کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے