پاکستان کا ہر انچ محفوظ، سرحد پار دراندازی کا فیصلہ کن جواب دیں گے، جنرل سید عامر رضا
کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تقدس پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا اور سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرحدی خلاف ورزی کی صورت میں فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ پاکستان کی سرحدوں اور ملکی سلامتی کا تحفظ پاک فوج کی اولین ذمہ داری ہے اور فوج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت مستعد ہے۔انہوں نے نئے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی، وقار اور تحفظ کی بھاری ذمہ داری اب ان کے کندھوں پر ہے۔ کیڈٹس کو چاہیے کہ وہ دیانت داری، جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے خود کو تیار رکھیں۔جنرل سید عامر رضا نے پریڈ میں خواتین کیڈٹس کی شرکت کو باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ ان کے مطابق پاک فوج ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے ہر وقت تیار ہے۔کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ نے فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا دیرینہ تنازع اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں