مریم نواز نے یواین ہیبیٹٹ سکرول آف آنر ایوارڈ وصول کرلیا
مسقط: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پراجیکٹ کے لیے یواین ہیبیٹٹ سکرول آف آنر ایوارڈ وصول کرلیا۔ انہیں یہ اعزاز مسقط کے تاریخی کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں منعقدہ ورلڈ ہیبیٹ ڈے کی پروقار تقریب میں پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کو ایوارڈ وصول کرنے کے لیے خصوصی طور پر اسٹیٹ گیسٹ کی حیثیت سے مسقط مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب میں مریم نواز شریف کی آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا گیا، جبکہ اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینا کلوڈیا روزباخ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر شرکاء کا استقبال کیا۔مریم نواز شریف کے ایوارڈ وصول کرنے کے موقع پر تقریب کا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے یواین ہیبیٹٹ سکرول آف آنر ایوارڈ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پراجیکٹ کے ذریعے گھر بنانے والے افراد کے نام کردیا۔دنیا بھر سے صرف 5 منتخب ممالک سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو یواین ہیبیٹٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔ میانمار کے ہٹو وینگ، برازیل کے تھیاگو باؤرمین گبرٹ، تیونس کے عبدالمالک غانم اور لندن کے صادق خان بھی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔مریم نواز شریف نے ورلڈ ہیبیٹٹ ڈے کے موقع پر یواین ہیبیٹٹ کی خصوصی نمائش کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔ انہیں ڈویلپمنٹ ایگریمنٹس پر دستخط کی تقریب میں بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، جبکہ انہوں نے دیگر شرکاء کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔تقریب میں یواین ہیبیٹٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے حوالے سے خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق یہ اعزاز اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام کی جانب سے دیا جانے والا اعلیٰ ترین بین الاقوامی اعزاز ہے، جو غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد، شہروں، سرکاری و نجی اداروں اور تحقیقی اداروں کو دیا جاتا ہے۔اس اعزاز کے لیے سستی اور مناسب رہائش کی فراہمی، پائیدار اربن ڈویلپمنٹ، بنیادی شہری سہولتوں میں بہتری، بہتر شہری ترقی و تعمیر نو اور قدرتی آفات کے بعد بحالی جیسے اہداف کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کے تحت 37 سال سے جاری اس سلسلے میں اب تک 200 سرکاری و نجی اداروں کو سکرول آف آنر ایوارڈ دیے جاچکے ہیں، جبکہ پاکستان بھی 2007 میں یہ اعزاز حاصل کرچکا ہے۔بریفنگ کے مطابق 19 سال بعد پنجاب کا ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پراجیکٹ دنیا بھر کے 150 سے زائد پراجیکٹس میں سرفہرست قرار پایا ہے۔یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کسی صوبے کے ہاؤسنگ پراجیکٹ کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہونے کے ساتھ یواین ہیبیٹٹ سکرول آف آنر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں