عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات، دفاعی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات کی، جس میں باہمی امور اور مکہ مکرمہ برائے مشترکہ دفاع معاہدے سمیت دفاعی تعاون سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران مکہ دفاعی تعاون معاہدے میں شامل ممالک کے سربراہانِ افواج کے اجلاس کے نتائج کو سراہا گیا اور معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے مکہ مکرمہ اور سعودی عرب میں شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب اور پاکستان نے مکہ دفاعی تعاون معاہدے کے تحت ایسے حملوں کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ملاقات میں مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق ممالک کے چیفس آف اسٹاف اجلاس کے نتائج کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔شہزادہ خالد بن سلمان کے مطابق دونوں ممالک معاہدے کے دائرہ کار میں تعاون اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ملاقات میں سعودی وزیر مملکت، رکن مجلس وزرا اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی، وزیر دفاع کے انٹیلی جنس امور کے مشیر ہشام بن عبدالعزیز بن سیف سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں