آیت نور قتل کیس، سہیل آفریدی کی انصاف کی یقین دہانی

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 5 سالہ آیت نور کے گھر پہنچ گئے اور متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی کیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے آیت نور کے لیے فاتحہ خوانی کی اور غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو سخت سزا دی جائے گی اور انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے چائلڈ پروٹیکشن بل کو مزید مؤثر اور سخت بنایا جائے گا، تاکہ بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام یقینی بنائی جاسکے۔انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات بھی کرے جن سے مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے