خیبرپختونخوا کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات تا حکمِ ثانی ملتوی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا جاری عمل تا حکمِ ثانی روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 140-A کی معطلی کے حکم نامے کے بعد صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا میں ان اضلاع کے علاوہ جہاں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد آئین کا آرٹیکل 140-A معطل کیا گیا تھا، دیگر اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں متعدد انتظامی اقدامات بھی شروع کردیے گئے تھے۔اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر 2026 کو جاری کردہ آرڈر نمبر 3 کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران حکم نامے کی شق نمبر 2 پر تفصیلی غور کیا گیا۔حکم نامے کے تحت آئین پاکستان کا آرٹیکل 140-A معطل کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق پہلے سے مخصوص کیے گئے اضلاع کے علاوہ خیبرپختونخوا کے دیگر تمام اضلاع تک بھی بڑھا دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کو اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ آئین کا آرٹیکل 140-A صوبوں میں مقامی حکومتوں کے قیام سے متعلق ہے، جبکہ اس کی ذیلی شق (2) کے تحت مقامی حکومتوں کے انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔کمیشن نے آرٹیکل 140-A کی باقی اضلاع میں بھی معطلی کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا اور غور کیا کہ اس صورتِ حال میں خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا جاری عمل کس طرح متاثر ہوگا۔تفصیلی غور و خوض کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ وفاقی حکومت کے حکم نامے کے باعث صوبے کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔ چنانچہ ان انتخابات کے سلسلے میں اب تک کیے گئے تمام اقدامات کو تا حکمِ ثانی روک دیا جائے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے