انسانی سمگلنگ مافیا کی پوری چین کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے زونل آفس لاہور کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث مافیا کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔اجلاس میں محسن نقوی نے ایف آئی اے زونل آفس لاہور کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا اور منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مافیا کی پوری چین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ گینگز کے خلاف کارروائی میں واضح نتائج نظر آنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے افسران اور عملے کو ہر ممکن سہولیات اور وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور مزید بھی فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر امیگریشن کاؤنٹرز کے پرانے کیمروں کو تبدیل کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے حامل کیمرے نصب کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ شکایات کے اندراج کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کی خدمات حاصل کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ڈائریکٹر ایف آئی اے زونل آفس لاہور نے اپ گریڈیشن منصوبے پر پیش رفت اور دفتر کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 1670 ایف آئی آرز درج کی گئیں، جبکہ 5 ہزار انکوائریز میں سے 4 ہزار نمٹا دی گئیں۔ اس دوران 295 اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، ڈائریکٹر ایف آئی اے زونل آفس لاہور اور تمام سرکل انچارجز نے شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں