شہزادی ڈیانا کا مشہور ’ریوینج ڈریس‘ 30 سال بعد پھر نیلامی کیلئے پیش

لندن: شہزادی ڈیانا کا فیشن کی تاریخ میں امر ہوجانے والا مشہور سیاہ لباس، جسے دنیا بھر میں ’ریوینج ڈریس‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، تقریباً 30 سال بعد ایک مرتبہ پھر نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔سیاہ ریشمی لباس معروف ڈیزائنر کرسٹینا اسٹیمبولین نے تیار کیا تھا، جسے 9 دسمبر کو نیویارک میں سوتھبیز کی خصوصی فیشن نیلامی میں فروخت کیا جائے گا۔ اس لباس کی قیمت 1 لاکھ 50 ہزار سے 3 لاکھ ڈالر تک لگنے کا امکان ہے۔شہزادی ڈیانا نے یہ بولڈ آف شولڈر لباس جون 1994 میں لندن کی سرپینٹائن گیلری میں وینٹی فیئر کی ایک تقریب کے دوران پہنا تھا، تاہم اس لباس کے مشہور ہونے کے پیچھے ایک انتہائی دلچسپ کہانی بھی ہے۔اسی روز ڈیانا کے شوہر، اس وقت کے شہزادہ چارلس، کا ایک ٹی وی انٹرویو نشر ہوا تھا، جس میں انہوں نے اپنی شادی کے دوران بے وفائی سے متعلق بات کی تھی۔ ڈیانا نے تقریب میں شرکت کے لیے پہلے کوئی اور لباس منتخب کیا تھا، تاہم آخری وقت میں فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے انہوں نے یہ سیاہ لباس پہن کر تقریب میں شرکت کی۔ڈیانا تقریباً تین سال سے یہ لباس اپنے پاس رکھے ہوئے تھیں، لیکن وہ اسے عوامی تقریب کے لیے ’ضرورت سے زیادہ بولڈ‘ سمجھتی تھیں۔ ان کی سابق اسٹائلسٹ اینا ہاروی کے مطابق اس رات ڈیانا چاہتی تھیں کہ وہ ’ملین ڈالرز‘ کی نظر آئیں۔اسی انداز اور موقع کی وجہ سے یہ لباس بعد میں دنیا بھر میں ’ریوینج ڈریس‘ کے نام سے مشہور ہوگیا اور شہزادی ڈیانا کی زندگی کے سب سے یادگار فیشن لمحات میں شمار ہونے لگا۔اب تقریباً تین دہائیوں بعد اس تاریخی لباس کی دوبارہ نیلامی اسے ایک مرتبہ پھر عالمی توجہ کا مرکز بنا رہی ہے، جبکہ اس کی متوقع قیمت 3 لاکھ ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے