قطر کا نئی دفاعی شراکت داری کا جلد اعلان کرنے کا فیصلہ
دوحہ: قطر نے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر نئی دفاعی شراکت داری قائم کرنے کا اعلان جلد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد خطے میں دفاعی تعاون کو مضبوط بنانا اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانا ہے۔دنیا نیوز کے مطابق گلوبل سکیورٹی فورم سے خطاب کرتے ہوئے قطر کے نائب وزیراعظم شیخ سعود بن عبدالرحمان آل ثانی نے کہا کہ علاقائی شراکت داروں کے ساتھ نئے دفاعی اقدامات پر کام جاری ہے اور جلد نئی دفاعی شراکت داری کا اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ قطر نے حال ہی میں اپنی دفاعی صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لیا ہے، جس کے بعد فضائی دفاع، ڈرون حملوں کی روک تھام، سائبر سکیورٹی اور آبی سلامتی کو اولین ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔قطری نائب وزیراعظم نے امریکا کے ساتھ دفاعی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس شراکت داری نے خلیجی خطے کی مجموعی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا ہے۔شیخ سعود بن عبدالرحمان آل ثانی نے انکشاف کیا کہ ایران جنگ کے دوران مشترکہ مہارت اور کئی دہائیوں پر محیط عسکری سرمایہ کاری کی بدولت 90 فیصد سے زائد حملوں کو کامیابی سے ناکام بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ قطر خطے میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اپنے دفاعی نظام کو مزید مؤثر بنانے اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔واضح رہے کہ قطر کی جانب سے نئی دفاعی شراکت داری کا اعلان ایسے وقت میں متوقع ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث فضائی، بحری اور سائبر سکیورٹی کو خصوصی اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں