عمران خان کی صحت اور جیل ملاقاتوں سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت اور جیل میں ملاقاتوں سے متعلق اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے دو صفحات پر مشتمل رپورٹ جمع کرا دی گئی۔رپورٹ کے ساتھ 24 صفحات پر مشتمل اخباری تراشے اور عمران خان کے اب تک ہونے والے طبی معائنے کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ کی جیل رولز کے تحت ہر منگل کو باقاعدگی سے ملاقات کرائی جاتی ہے اور اب تک 84 ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کے کھانے پینے کی دن میں تین مرتبہ جانچ اور میڈیکل چیک اپ کیا جاتا ہے، جبکہ متعدد سرکاری معالجین بھی ان کا معائنہ کرچکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ماہر امراض چشم سے عمران خان کی آنکھ کا علاج بھی کرایا جاتا رہا ہے اور ایک آنکھ تقریباً نارمل ہوچکی ہے۔رپورٹ میں 4 نومبر 2023 سے 10 اگست 2026 تک 39 مختلف طبی ماہرین کے چیک اپ کی سمری بھی شامل ہے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نے سپریم کورٹ سے مقدمہ نمٹانے کی استدعا کی ہے۔رپورٹ میں سلمان اکرم راجہ کی جانب سے ہائیکورٹ میں دی گئی یقین دہانی کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، جس کے مطابق ملاقات کے بعد جیل کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو نہ کرنے کا کہا گیا تھا۔ رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود میڈیا ٹاک کرکے اس کی خلاف ورزی کی گئی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے