مون سون بارشیں، مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعدد شہروں میں اربن فلڈنگ اور دریاؤں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی نم آلود ہوائیں ملک کے وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دریائے راوی اور چناب میں آئندہ دنوں کے دوران کم درجے کے سیلاب کا امکان ہے، جبکہ دونوں دریاؤں سے منسلک برساتی نالوں میں 21 اگست تک کم سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو کے مقامات پر کم درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ڈیموں کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تربیلا ڈیم پانی کی آخری حد تک پہنچ کر مکمل بھر چکا ہے، جبکہ منگلا ڈیم 69 فیصد تک بھر چکا ہے۔ دریائے جہلم میں بھی منگلا کے مقام پر آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کم درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ اربن فلڈنگ اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضروری احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے