انسانی حقوق کے ذیلی اداروں کی کارکردگی سے متعلق اجلاس، پارلیمانی سیکرٹری صبا صادق کے بڑے فیصلے

پارلیمانی سیکرٹری مسز صبا صادق نے چیئرمین جینڈر پیریٹی بیریسٹر عقیل، چیئرپرسن کمیشن برائے اسٹیٹس آف ویمن ام لیلیٰ، ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ ربیعہ ہادی اور دیگر حکام کے ساتھ اہم میٹنگ کی۔ اجلاس میں خواتین کے حقوق کے تحفظ اور بچوں کے بھیک سے بچاؤ کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

مسز صبا صادق نے کہا کہ وہ عورتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی اور ان کے روشن مستقبل کی راہیں ہموار کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ویمن ویلفیئر سینٹرز میں خواتین کو ہنر سکھانے کے پروگرامز شروع کرنے کی تجویز دی تاکہ خواتین خودمختار بن سکیں۔ اس کے علاوہ، اسلام آباد کی ملحقہ کچی آبادیوں میں خواتین کو مقامی سطح پر ہنر سکھانے کے لیے پروگرامز شروع کرنے کی بات کی۔

چیئرمین جینڈر پیریٹی بیریسٹر عقیل نے مسز صبا صادق کے کام اور عزم کی تعریف کی، جبکہ ام لیلیٰ نے پارلیمانی سیکرٹری کو آگاہ کیا کہ جلد ہی اسلام آباد جینڈر پیریٹی رپورٹ پبلش کی جائے گی، جو پہلی نوعیت کی رپورٹ ہوگی۔

مسز صبا صادق نے اداروں کے درمیان تعاون کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ باہمی ڈیٹا کے تبادلے سے عوامی خدمت کے مواقع بڑھیں گے اور صنفی امتیاز میں کمی آئے گی۔ انہوں نے ویمن پروٹیکشن سینٹر کی بہتری اور خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

بچوں کو بھیک سے بچانے کے حوالے سے، مسز صبا صادق نے چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کو بچوں کی تعلیم و تربیت کے مزید مواقع فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ضرورت مند خاندانوں کو امداد فراہم کرنے کے طریقے وضع کرنے کی بات کی تاکہ بچے بھیک نہ مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی چوراہوں پر بھیک مانگنے والے بچوں کو شیلٹرز میں منتقل کیا جائے گا اور ان کی بہتر نگہداشت کی جائے گی۔ مزید برآں، چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کو بچوں کو ریسکیو کرنے کے عمل کو ہموار کرنے کے لیے بہتر گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے