وزیراعظم کا نیشنل یوتھ پالیسی اور نوجوانوں کیلئے بڑے اقدامات کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر ملک کی پہلی نیشنل یوتھ پالیسی کا اعلان کردیا، جس کے تحت خواتین کے لیے لیبر فورس میں 35 فیصد کوٹا اور نوجوانوں کے اسٹارٹ اپس کے لیے 10 فیصد کوٹا مختص کیا جائے گا۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں لاکھوں باصلاحیت نوجوان موجود ہیں، تاہم انہیں مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امیر اور غریب کے بچوں کو یکساں مواقع نہ ملیں تو یہ قائداعظم کا پاکستان نہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب بھر میں دانش اسکولز کا جال پھیلایا گیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں بھی دانش اسکول قائم کیے جارہے ہیں، جہاں بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی تعلیم کے لیے ایک ہزار طلبہ کو سرکاری خرچ پر چین بھیجا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد دانش یونیورسٹی میں اگلے سال کلاسز شروع ہوں گی، جہاں جدید اور تکنیکی علوم پر توجہ دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برسوں میں میرٹ پر 7 لاکھ بچوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جاچکے ہیں، جبکہ رواں سال ملک بھر کے مزید 2 لاکھ 50 ہزار بچوں کو کروم بکس فراہم کی جائیں گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2047ء کا پاکستان نوجوان اپنی مرضی سے بنائیں گے، حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے