محسن نقوی نے اعترافِ جرم کر لیا، فارم 47 کا نظام ناکام ہو چکا: حافظ نعیم
کراچی: امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان سے اعتراف ہوتا ہے کہ فارم 47 کے ذریعے قائم کیا گیا نظام ناکام ہو چکا ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں لائے گئے افراد اور انہیں مسلط کرنے والے دونوں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس جماعت کو عوام نے مینڈیٹ دیا، اقتدار بھی اسی کے حوالے کیا جانا چاہیے تاکہ نظام درست انداز میں چل سکے۔انہوں نے کہا کہ آئین پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو رہا جبکہ غیر ضروری معاملات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ ان کے بقول پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان صرف سیاسی مفاہمت یا "نورا کشتی” جاری ہے، جبکہ منتخب نمائندوں کو ان کا حقیقی مینڈیٹ نہیں دیا جا رہا۔حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستان میں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پیٹرول مہنگا فروخت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پیٹرولیم لیوی کو "جگا ٹیکس” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے باعث صرف ایندھن ہی نہیں بلکہ روزمرہ استعمال کی اشیا بھی مہنگی ہو جاتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہر معاشی فیصلے کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کو جواز بناتی ہے، جبکہ مہنگائی کا سارا بوجھ عوام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں