بلاول پنجاب پر تنقید چھوڑیں، سندھ کی کارکردگی پر توجہ دیں: رانا سکندر حیات

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پنجاب کی ترقی پر تنقید کرنے کے بجائے سندھ کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں۔

لاہور میں ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں تعلیم اور ترقی کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ اپوزیشن، خصوصاً پیپلز پارٹی، تنقید کے بجائے اپنی کارکردگی کا جائزہ لے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نوجوانوں کو میرٹ پر اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ فراہم کیے جا رہے ہیں، دانش اسکول جیسے منصوبے ملک بھر میں اپنی مثال آپ ہیں، جبکہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ کے داخلوں میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ سے تعلیمی نظام میں بہتری آئی ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی خصوصی توجہ تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔

رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی سندھ حکومت نے نقل کی، اگر پیپلز پارٹی کو سیاسی بحث کرنی ہے تو وہ عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد پر کرے۔ ان کے بقول پیپلز پارٹی کے پاس دانش اسکول جیسا کوئی منصوبہ نہیں اور آج کا نوجوان بھی ان کے بیانیے سے متفق نہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے