امریکا ایران جنگ بندی ہوچکی، اب ضروری ہےکہ امن کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہےکہ امریکا اور ایران کے صدور نے پاکستان کی ثالثی میں ایم اویو پر دستخط کیے، جنگ بندی ہوچکی ، اب ضروری ہےکہ امن کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
استنبول میں پاکستان ترکیے بی ٹی بی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل میں ہم نے خلوص نیت سے کوششیں کیں، کٹھن سفارتی مشن ہرگز آسان نہ تھا، اللہ کے فضل سے جنگ بندی ہوگئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اب ضروری ہے کہ امن کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، جب پاکستان پر جنگ مسلط ہوئی تو اس مشکل وقت میں ترکیے، سعودی عرب اور دوست ملکوں نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی، فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج نے دشمن کو وہ جواب دیا جو تاریخ کاحصہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ توانائی اور متبادل توانائی کے شعبوں میں ترک سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے، دوطرفہ تجارتی حجم کا پانچ ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ترکیے نے ہرمشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، صدر رجب طیب اردوان کی مخلصانہ حمایت سے پاکستان کو ثالثی کے کردار کا موقع ملا، انہوں نے جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان کے امن عمل کی غیر مشروط حمایت کی۔
وزیراعظم کی ترک کمپنیوں کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت
اس سے قبل وزیراعظم کی استنبول میں ترک سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں پاک ترک اقتصادی شراکت داری نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے ترک کمپنیوں کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت دی اور انہیں پاکستان میں توانائی،کان کنی، آئی ٹی، انفرااسٹرکچر اور نجکاری میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔
ترک سرمایہ کاروں نے پاکستان میں آپریشنز بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی اور معاشی اصلاحات پر اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان میں سرمایہ کاری دوست ماحول برقرار رکھنےکے عزم کا اعادہ کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں