مکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ ایک دفاعی معاہدہ ہے، جو پاکستان کی سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ شراکت داری کی علامت ہے۔ اقتصادی سفارت کاری بھی ان کی وزارت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔اسلام آباد میں اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ (آئی پی آر آئی) کے زیر اہتمام ’مارگلہ ڈائیلاگ 2026‘ کا آغاز ہوگیا، جس میں مختلف ممالک کے سفرا اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس سال ڈائیلاگ کا موضوع ’بدلتا ہوا عالمی نظام: اسٹریٹجک غیر یقینی صورتحال سے کیسے نمٹا جائے‘ رکھا گیا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی پی آر آئی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ماجد احسان نے کہا کہ مارگلہ ڈائیلاگ پالیسی سازوں اور مختلف نقطہ نظر رکھنے والے افراد کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے، جو بین الاقوامی، علاقائی اور ملکی سطح پر پالیسی سازی میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ، افغانستان، یوکرین اور افریقہ میں جاری تنازعات بین الاقوامی نظام کی ناکامی کا ثبوت ہیں۔ اہم سوال یہ ہے کہ ان مسائل کے حل کے بعد دنیا کا نظام کس شکل میں ہوگا۔ ان کے مطابق جنوبی ایشیا میں امن کا قیام باہمی عزت اور احترام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ ابھرتے ہوئے عالمی نظام کی تبدیلی کے دوران باہمی تعاون کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ مارگلہ ڈائیلاگ کا موضوع پاکستان کو درپیش چیلنجز کا احاطہ کرتا ہے، جبکہ ملکی مفادات کا تحفظ بیرون ملک مؤثر سفارت کاری اور اندرون ملک مضبوطی کے ذریعے ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑی طاقتوں کے درمیان رقابت عروج پر ہے اور اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کو بھی سیاسی تقسیم کا سامنا ہے۔ خلیج اور بحیرہ احمر میں کشیدگی ظاہر کرتی ہے کہ علاقائی تنازعات کس طرح عالمی نظام کو متاثر کرسکتے ہیں۔ بایو ٹیکنالوجی سمیت جدید ٹیکنالوجیز بھی ریاستوں کے بحرانوں سے نمٹنے کے طریقوں کو تبدیل کر رہی ہیں، اس لیے پالیسی سازوں کو یہ پیش نظر رکھنا چاہیے کہ ایک شعبے میں پیدا ہونے والا بحران دوسرے شعبوں تک بھی پھیل سکتا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات بھی پرامن سفارت کاری کی اسی پالیسی کا حصہ تھے۔ اسلام آباد مذاکرات اور مفاہمتی یادداشتیں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی جانب سے تنازعات کے پرامن حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کی عکاسی کرتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 5 نومبر کو تنازعات کے دوران سفارت کاری اور بات چیت سے متعلق پاکستان کی قرارداد منظور کی۔ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کے اصول پر قائم ہے اور تمام علاقائی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور سلامتی کے لیے تنازع کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا ضروری ہے۔ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور خودمختاری و علاقائی سلامتی کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک، بالخصوص پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان پانی کو ہتھیار بنانے کی مخالفت کرتا ہے اور سیاسی تنازعات کے حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ چین کے ساتھ تذویراتی شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، جبکہ یورپی شراکت داروں کے ساتھ بھی آر فور فریم ورک کے تحت رابطے برقرار ہیں۔مکہ معاہدے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری ان کی ذمہ داریوں کا اہم حصہ ہے اور پاکستان تمام علاقائی شراکت داروں کے ساتھ رابطے اور بات چیت جاری رکھنا چاہتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ رابطے کے ذرائع ہر حال میں کھلے رہنے چاہئیں اور محفوظ تجارت کے لیے سمندری راستے اور حدود بلا روک ٹوک کھلی رہنی چاہئیں۔ ان کے مطابق مستقبل کا عالمی نظام آج مختلف ممالک کی جانب سے کیے جانے والے فیصلوں پر منحصر ہے اور نئے عالمی نظام میں گلوبل ساؤتھ کے ممالک کی ترقیاتی ضروریات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں