مومنہ اقبال کا ثاقب چدھڑ کیخلاف تمام ثبوت سامنے لانے کا اعلان
ویب ڈیسک :پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی رکنیت معطل نہ کیے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے ہراسانی سے متعلق تمام مبینہ ثبوت سوشل میڈیا پر سامنے لانے کا اعلان کردیا۔ایک انسٹاگرام اسٹوری میں مومنہ اقبال نے الزام عائد کیا کہ وہ پہلے دن سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ ثاقب چدھڑ کو ان کے عہدے سے معطل کیا جائے تاکہ وہ اپنے وسائل اور اثرورسوخ کو مبینہ طور پر ان کے خلاف استعمال نہ کرسکیں۔اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ لیگی ایم پی اے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر رہے ہیں اور مبینہ طور پر ان کے گھر پر لوگوں کو بھی بھیجا گیا۔مومنہ اقبال نے کیس کی تفتیش پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص پر انہیں ہراساں کرنے کا الزام ہے، ان کے بقول اس شخص اور اس کی اہلیہ سے مناسب تحقیقات نہیں کی گئیں۔اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے سے پیچھے ہٹنے والی نہیں ہیں اور ضرورت پڑنے پر اپنے پاس موجود تمام مبینہ ثبوت سوشل میڈیا پر پیش کردیں گی تاکہ عوام خود حقائق کا فیصلہ کرسکیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور کی سیشن کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی گرفتاری کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے دونوں کو بے گناہ قرار دیا تھا، جس کے بعد دونوں نے اپنی عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لے لی تھیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں