بابر اعظم کی سات سال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں خراب کارکردگی کے بعد اپنی فارم اور ردھم بحال کرنے کے لیے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق بابر اعظم جاری پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی جانب سے بطور گیسٹ پلیئر ایکشن میں نظر آئیں گے۔ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے درخواست کی تھی کہ انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے تاکہ وہ طویل فارمیٹ کی کرکٹ کے لیے اپنی فارم اور ردھم برقرار رکھ سکیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی درخواست کے بعد پی سی بی نے او جی ڈی سی ایل کے ساتھ ان کی شرکت کا انتظام کیا۔بابر اعظم دسمبر 2022 کے بعد سے ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری اسکور نہیں کرسکے۔ 2023 سے اب تک ٹیسٹ کرکٹ کی 39 اننگز میں ان کی بیٹنگ اوسط 30.43 رہی ہے، جبکہ اس عرصے کے دوران وہ صرف 8 نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔بابر اعظم کی آخری ٹیسٹ سنچری نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سامنے آئی تھی، جہاں انہوں نے 161 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔سابق کرکٹرز کی جانب سے بابر اعظم کی تکنیک اور بالخصوص شارٹ بال کھیلنے میں مشکلات پر بھی وقتاً فوقتاً تنقید کی جاتی رہی ہے۔ موجودہ صورتحال میں ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت کو ان کی فارم کی بحالی اور ٹیسٹ کرکٹ کے لیے تیاری کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔یہ بابر اعظم کی تقریباً سات سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی ہوگی۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2019 میں ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا، جب ان کی قیادت میں سینٹرل پنجاب نے قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔او جی ڈی سی ایل کے لیے بابر اعظم کی شمولیت کو بھی اہم قرار دیا جارہا ہے، جبکہ فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر عامر جمال بھی ایم آئی ٹی ایس کی جانب سے بطور گیسٹ پلیئر ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے