عمران خان کی منتقلی، پی ٹی آئی کی توہین عدالت درخواست

اسلام آباد:  بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست میں سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ جواب دہندگان اور توہین عدالت کے مرتکبین کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں، جبکہ انہیں ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم بھی دیا جائے۔پی ٹی آئی نے عدالت سے استدعا کی کہ جواب دہندگان کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق سزا دی جائے۔عدالت سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ درخواست میں عمران خان کا شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں طبی معائنہ کرانے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔سپریم کورٹ سے عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عدالتی افسر تعینات کرنے یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔توہین عدالت کی یہ درخواست عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ عدالت نے اس معاملے سے متعلق کیس کی سماعت پہلے ہی 16 ستمبر تک ملتوی کر رکھی ہے۔امید کا محور سپریم کورٹ ہے، قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا: سلمان اکرم راجہتوہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کے بعد سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید کا محور سپریم کورٹ ہے، قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا، جو فیصلہ تھا وہ بڑا واضح تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک جھوٹا بیانیہ بنایا گیا کہ راستے میں رش تھا، ایسا کچھ نہیں تھا۔ ایک گاڑی جس کے اردگرد پولیس کا پہرہ تھا، اڈیالہ سے شفا ہسپتال ڈاکٹر فیصل کو لے کر گئے اور وہ قافلہ واپس بھی آیا۔سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک سوچی سمجھی سپریم کورٹ اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف سازش تھی، یہ مقدمہ ہم عدالت میں بھی لڑیں گے اور پاکستانی قوم کے ساتھ عدالت کے باہر بھی لڑیں گے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے