پارسل کے نام پر واٹس ایپ ہیک کرنے کا نیا فراڈ سامنے آگیا
کراچی: پارسل کی ترسیل کے بہانے شہریوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرکے ان کے رشتہ داروں اور دوستوں سے رقم بٹورنے والے سائبر فراڈ کا نیا طریقہ سامنے آگیا۔جعل ساز خود کو معروف کوریئر کمپنی کا نمائندہ ظاہر کرکے شہریوں کو فون کرتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کا پارسل پہنچ چکا ہے۔ ملزمان پتے کی تصدیق یا ڈیلیوری مکمل کرنے کے لیے موبائل فون پر موصول ہونے والا واٹس ایپ تصدیقی کوڈ طلب کرتے ہیں۔شہری جیسے ہی یہ کوڈ کال کرنے والے شخص کو بتاتا ہے، جعل ساز اسی نمبر پر اپنے موبائل فون میں واٹس ایپ رجسٹر کرکے اکاؤنٹ کا کنٹرول حاصل کر لیتے ہیں۔اکاؤنٹ ہیک کرنے کے بعد ملزمان متاثرہ شخص کے واٹس ایپ رابطوں کو پیغامات بھیج کر خود کو مشکل میں ظاہر کرتے ہیں اور فوری مالی مدد کے نام پر رقم طلب کرتے ہیں۔ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ واٹس ایپ کا تصدیقی کوڈ کسی بھی شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں، چاہے وہ خود کو کسی کوریئر کمپنی یا ادارے کا نمائندہ ہی کیوں نہ ظاہر کرے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں