شام کے وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد: شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور شام کے گہرے اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی دفتر خارجہ پہنچے تو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شامی وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔دفتر خارجہ کے مطابق شامی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شامی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اور شام کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔خیال رہے کہ شام سے کسی بھی اعلیٰ عہدیدار کا یہ 2007 کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ 2007 میں شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے