ڈیل کا تاثر غلط ، القادر کیس کا حکومت کیساتھ مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں: سلمان اکرم
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس کے فیصلے کا حکومت کے ساتھ مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف القادر ٹرسٹ فیصلہ مؤخر ہونے کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا حکومت کے ساتھ ہمارے مذاکرات جاری ہیں، القادر ٹرسٹ کیس کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا یہ تاثر دینا کہ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے کیس کا فیصلہ مؤخر ہو رہا ہے بالکل غلط ہے، حکومت سے مذاکرات کا مقصد جمہوریت ہے۔
سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا یہ سننے میں آرہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کی تیسری نشست 15 جنوری کو ہونے جا رہی ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا ہمیں دیوار پر لکھا نظر آ رہا ہے کہ ہمارے خلاف انصاف نہیں ہو رہا، اگر ہمارے ساتھ انصاف ہوتا تو عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف القادر ٹرسٹ کا فیصلہ بہت پہلے آ چکا ہوتا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی ڈٹے رہیں گے، بانی پی ٹی آئی تو کہہ چکے ہیں کہ کیس کا فیصلہ جلدی سنایا جائے، ہمیں عدالتی عملے کی جانب سے بتایا گیا کہ 11 بجے فیصلہ سنایا جائے گا لیکن جج صاحب نے پہلے ہی اپنی مرضی سے فیصلے کی تاریخ آگے کر دی، سیاسی فیصلے دینے ہوں تو دیوار پر لکھا نظر آتا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں