سوشل میڈیا قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت نے سوشل میڈیا کے استعمال کو ریگولیٹ کرنے کے لیے قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر بچوں کے استحصال اور فحاشی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے عمر کی حد مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیملی وی لاننگ کے نام پر فحاشی کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی مختلف تجاویز زیر غور لائی جائیں گی، جبکہ کئی ممالک کی طرز پر بعض سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس کے دوران تمام تجاویز پر مشاورت کی جائے گی، جس کے بعد ان سے متعلق حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اور وفاقی و صوبائی پولیس حکام شریک ہوں گے۔اجلاس میں بچوں کے استحصال اور فحاشی سے متعلق کیسز کا بھی جائزہ پیش کیا جائے گا، جبکہ آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک میں سوشل میڈیا سے متعلق نافذ پالیسیوں کا بھی مطالعہ کیا جائے گا تاکہ ان کے تجربات کی روشنی میں پاکستان کے لیے ممکنہ اقدامات پر غور کیا جاسکے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں