ویتنام میں یوم آزادی پر ملکی تاریخ کی سب سے بڑی پریڈ کا انعقاد، ہر شہری کیلئے نقد رقم کا بھی اعلان
ویتنام کے 80 ویں یوم آزادی پر فوجی پریڈ کے انعقاد کے ساتھ ساتھ ہر شہری کو حکومت کی طرف سے رقوم کا تحفہ بھی دیا گیا۔
پریڈ دیکھنے دارالحکومت ہنوئی کی سڑکوں پر لاکھوں افراد جمع ہوئے جن میں سے بیشتر سرخ رنگ کی شرٹس پہنے اور قومی پرچم تھامے ہوئے تھے۔
ملکی تاریخ کی سب سے بڑی پریڈ کے دوران ویتنام نے اپنا جدید ترین فوجی ساز و سامان پیش کیا جس میں روسی ساختہ Mi-171 ہیلی کاپٹرز، سخوئی Su-30 لڑاکا طیارے اور مقامی طور پر تیار کردہ ڈرونز شامل تھے۔
پریڈ میں ہزاروں ویتنامی فوجیوں کے ساتھ ساتھ چین، روس اور دیگر ممالک کے دستوں نے بھی شرکت کی، سمندر میں ہونے والی علیحدہ تقریب میں روسی آبدوزیں اور فریگیٹس بھی پیش کی گئیں۔
یوم آزادی کی تقریبات کے حصے کے طور پر حکومت نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے 10 کروڑ شہریوں میں سے ہر ایک کو ایک لاکھ ڈونگ (3.80 ڈالر) کی رقم بھی دے گی جس پر تقریباً 380 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔
ویتنام کے صدر لیونگ کوانگ نے گزشتہ ہفتے عام معافی کا اعلان بھی کیا جس کے تحت 13 ہزار 920 قیدیوں کو ان کی سزا مکمل ہونے سے قبل رہا کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں