اسحاق ڈار سے ترک سفیر، برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ترکیہ کے سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق ترکیہ کے سفیر عرفان سے ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مسائل کے حل اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں۔ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔ ترک سفیر نے مختلف دوطرفہ ادارہ جاتی میکنزمز پر ہونے والی پیشرفت سے نائب وزیراعظم کو آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد تعاون کے مختلف شعبوں میں پیشرفت جاری ہے۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ ترجیحی شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کمیشن اور ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے آٹھویں اجلاس کی تیاریوں پر توجہ دی جائے گی، جبکہ متعلقہ ادارے ان اجلاسوں کی تیاریوں کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھیں۔قبل ازیں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے اپنے دورۂ برطانیہ کے دوران طے پانے والی مفاہمتوں پر عملدرآمد کے حوالے سے بات چیت کی۔ مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیراعظم نے اعلیٰ سطحی روابط کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے