سعودی عرب نے ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرادیا، متعدد بار عمرے کی اجازت ہوگی
ریاض: سعودی حکومت نے ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرا دیا۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے زائرین کے لیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت ویزا ہولڈر 365 دن کی مدت میں متعدد بار سعودی عرب میں داخل ہوسکیں گے جبکہ مجموعی قیام 90 روز تک محدود ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق نئے نظام کے تحت ہر سفر سے قبل زائرین کو نسک (Nusuk) پلیٹ فارم پر منظور شدہ سروس پیکیج خریدنا ہوگا، جبکہ نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کرنا بھی لازمی ہوگا۔
وزارت کے مطابق ہر بار سعودی عرب سے روانگی کے بعد ویزا غیر فعال ہو جائے گا اور اگلے سفر کے لیے مقررہ شرائط پوری کرنے پر دوبارہ فعال کیا جائے گا۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے بقول یہ ویزا یکم ذوالقعدہ سے 13 ذوالحج تک یعنی حج سیزن کے دوران قابلِ استعمال نہیں ہوگا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں