اماراتی ریاستی ادارے کا دہشتگرد تنظیم کے متعدد ارکان کو حراست میں لینےکا اعلان
ابوظبی: اماراتی ریاستی سلامتی ادارے (اسٹیٹ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ) نے دہشت گرد تنظیم کے متعدد ارکان کو حراست میں لینےکا اعلان کیا ہے۔
اسٹیٹ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملزمان دہشت گردی اور تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، ان کا مقصد قومی اتحاد کو نقصان پہنچانا اور ملک کو غیر مستحکم کرنا تھا۔
اعلامیےکے مطابق دہشت گرد تنظیم کا ایران کے ولایت فقیہ نظریات سے تعلق کا انکشاف ہوا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہےکہ ملزمان کے دہشت گرد عناصر کے ساتھ خفیہ ملاقاتیں اور روابط تھے، ملزمان نے غیر قانونی جمع رقم مشکوک غیر ملکی اداروں کو بھی منتقل کی۔
اعلامیےکے مطابق ملزمان نے ایسے انتہاپسند دہشت گردانہ نظریات کو اپنایا جو امارات کی اندرونی سلامتی کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ ملزمان کے خلاف الزامات میں خفیہ تنظیم کا قیام اور تشکیل، ریاست کی سرزمین پر تنظیم کا انتظام، غیر ملکی اداروں کے ساتھ وفاداری اور قومی یکجہتی اور سماجی امن کو نقصان پہنچانا شامل ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں