سلیمہ امتیاز آئی سی سی پینلز آف امپائرز میں شامل پہلی پاکستانی خاتون

سلیمہ امتیاز نے آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ڈیولپمنٹ امپائرز میں نامزد ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کااعزاز حاصل کرلیا ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اتوار کو اپنے بیان میں سلیمہ امتیاز کی آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میں نامزدگی کی تصدیق کی۔
پینل میں نامزدگی کے بعد سلیمہ امتیاز اب آفیشل طور پر خواتین کے باہمی مقابلوں اور آئی سی سی ویمنز ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے سکیں گے۔
سلیمہ امتیاز پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیموں کے درمیان پیر سے ملتان میں کھیلی جانے والی تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آن فیلڈ امپائرنگ کریں گی۔

اپنی نامزدگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے سلیمہ امتیاز کا کہنا ہے ’یہ صرف میری ہی کامیابی نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کی ہر خاتون کرکٹر اور امپائر بننے والی خواتین کی کامیابی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’امید ہے کہ میری کامیابی ان لاتعداد خواتین کے لیے مشعل راہ ہوگی جو اس کھیل میں اپنے نام بنانا چاہتی ہیں۔‘
خیال رہے کہ سلیمہ امتیاز پاکستانی ویمن کرکٹر کائنات امتیاز کی والدہ ہیں۔
کائنات امتیاز پاکستان ویمنز ٹیم کی جانب سے 19 ون ڈے اور 21 ٹی20 میچز کھیل چکی ہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے