شان مسعود اور جیسن گلیسپی کے ساتھ نئے ٹیسٹ کرکٹ سیزن کی نئی ابتدا

پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کل ( بدھ) کو بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ میچ کا آغاز کرے گی۔

پاکستان اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں چھٹے نمبر پر ہے۔ اس نے چیمپئن شپ میں دو سیریز کھیلی ہیں سری لنکا کے خلاف اس نے دو صفر سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف اسے تین صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان اس سیزن میں نو ٹیسٹ میچ کھیلے گا جو 1998-99 کے بعد سے اس کا مصروف ترین ٹیسٹ سیزن ہے۔ ان میں سے سات ٹیسٹ میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے جن میں بنگلہ دیش کے خلاف دو اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف تین اور اگلے سال جنوری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو شامل ہیں۔ دو ٹیسٹ میچ جنوبی افریقہ کے خلاف ہیں جو دسمبر/ جنوری میں جنوبی افریقہ میں کھیلے جائیں گے۔
بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی اس سال اپریل میں اپنی تقرری کے بعد پہلی بین الاقوامی اسائنمنٹ ہے۔ یہ شان مسعود کا بطور کپتان ہوم سرزمین پر پہلا ٹیسٹ میچ بھی ہو گا جس سے ٹیم کے لیے ریڈ بال کرکٹ میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شائقین ہمیشہ چاہتے ہیں کہ کرکٹ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور ان کے لیے میچ جیتے۔ ہم اس سیریز اور آنے والے سیزن کے لیے ُپرجوش ہیں۔ ہمارے پاس کرکٹرز کا ایک باصلاحیت گروپ ہے جو سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے بے چین ہے۔ ہمارے بولرز بیس وکٹیں لینے اور ٹیم کو میچ جیتنے میں مدد دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ ہمیں ایک مصروف سیزن کی تیاری کرنی ہے اور ہم اچھی کارکردگی کے لیے ُپرعزم ہیں۔ سیریزسے قبل ہمارے کچھ اچھے ٹریننگ سیشن ہوئے اور کوچنگ اسٹاف نے کھلاڑیوں کے ساتھ سخت محنت کی۔ ہوم گراؤنڈ میں ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ کپتانی کے ساتھ بڑی ذمہ داری آتی ہے اور میں اس ٹیم کو آگے لے جانے کی پوری کوشش کروں گا۔

بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسین شانتو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی سی بی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے لاہور میں پریکٹس کرانے میں ہماری مدد کی۔ ہمارے وہاں دو سیشن ہوئے اور مجھے امید ہے کہ کھلاڑی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ پاکستان کے خلاف سیریز بہت اہم ہے اور ہم جانتے ہیں کہ پاکستان ٹیم میں بڑی صلاحیت ہے۔ یہ سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہر میچ بہت اہم ہے۔ بنگلہ دیش اے اور شاہینز کے درمیان سیریز نے ہمارے کھلاڑیوں کو کنڈیشنز کا بخوبی اندازہ لگانے میں مدد کی ہے۔”

پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب ، شان مسعود (کپتان) بابر اعظم ، سعود شکیل ( نائب کپتان) محمد رضوان ( وکٹ کیپر) سلمان علی آغا ، شاہین شاہ آفریدی ، نسیم شاہ ، خرم شہزاد اور محمد علی شامل ہیں ۔
بنگلہ دیش سکواڈ میں نجم الحسن شانتو (کپتان)، حسن محمود، لٹن داس، مہدی حسن میراز ، مومن الحق، مشفق الرحیم، ناہید رانا، نعیم حسن، شادمان اسلام، شکیب الحسن، شریف الاسلام، سید خالد احمد، تائجو الاسلام اور ذاکر حسن شامل ہیں ۔
پہلے ٹیسٹ کے میچ آفیشلز میں ایڈرین ہولڈ سٹوک اور رچرڈ کیٹلبرو ( آن فیلڈ امپائرز) مائیکل گف (تھرڈ امپائر) راشد ریاض ( فورتھ امپائر) اور رنجن مدوگالے (میچ ریفری) ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے